ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نوٹ بندی کے بعد مودی کے اقدامات مایوس کن: دیوے گوڈا

نوٹ بندی کے بعد مودی کے اقدامات مایوس کن: دیوے گوڈا

Thu, 05 Jan 2017 11:19:02    S.O. News Service

بنگلورو۔4؍جنوری (ایس او نیوز )سابق وزیر اعظم اور جنتادل (ایس) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا نے نوٹ بندی کے 50 دن بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے عوام کی راحت کیلئے کسی طرح کا اعلان نہ کئے جانے کو مایوس کن قرار دیا۔ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 500اور ہزار روپیوں کے نوٹوں پر پابندی لگاتے وقت وزیراعظم نے جس جوش وخروش سے کالے دھن ، رشوت خوری اور جعلی نوٹوں کو روکنے کا اعلان کیا تھا ،اس کا سب نے خیر مقدم کیا ، لیکن 31 دسمبر کو 50دن کی تکمیل کے بعد مودی نے جو خطاب کیا اس سے ملک کے عوام کو بہت مایوسی ہوئی ہے۔ کرپشن کا خاتمہ کرنے کا جوشیلا اعلان کرنے والے مودی کو عوام نے بھرپور تعاون دیا، چلر پیسوں کیلئے دشواری کے باوجود بھی لوگوں نے برداشت کیا۔ملک بھر کے اے ٹی ایمس میں بھی نقد رقم کی فراہمی بند کردی گئی ، اسے بھی خاموشی سے برداشت کیاگیا ، لیکن اب عوام کی مشکلات برداشت کی حد سے متجاوز ہوگئی ہیں۔ اب وزیر اعظم کو چاہئے کہ عوام کو جن دشواریوں میں جھونک دیا گیا ہے اس سے نکالنے کیلئے ٹھوس اقدامات کا اعلان کریں۔ بہانے بازیوں سے اب عوام ماننے والے نہیں ہیں۔ وزیراعظم سے یہی توقع تھی کہ قوم کے نام خطاب کے ذریعہ وہ ملک کیلئے کچھ اچھا پیغام دینے والے ہیں ، لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ نوٹوں پر پابندی کے بعد سے مرکزی حکومت اور ریزرو بینک نے 70 الگ الگ احکامات جاری کئے اور ہر دن انہیں بدلا گیا۔ وزیر اعظم مودی کی طرف سے حاملہ خواتین کو چھ ہزار روپے ادا کرنے کی اسکیم کو پرانی قرار دیتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ اس کی گنجائش پہلے ہی غذائی تحفظ قانون کے تحت رکھی گئی ہے، اس کیلئے نیا اعلان محض سستی شہرت کیلئے کیاگیا ہے۔ بزرگ شہریوں کے کھاتوں میں جمع رقم پر آٹھ فیصد شرح سود کے اعلان کو ایک دھوکہ قرار دیتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ پہلے ہی پوسٹل ڈپازٹ پر شرح سود 8.5 فیصد ہے۔ مودی نے اپنے اعلان کے ذریعہ شرح سود میں کمی لائی ہے اضافہ نہیں۔ کسانوں کے قرضہ جات پر 60 دن کاسود معاف کرنے کے اعلان کو کسانوں کے ساتھ ایک مذاق قرار دیتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ مودی نے روتے بچے کے ہاتھوں میں چاکلیٹ تھمانے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹک سمیت ملک کی بیشتر ریاستوں میں خشک سالی کی صورتحال انتہائی سنگین ہے، ملک بھر میں فصلوں کو 17ہزار کروڑ روپیوں سے زیادہ کا نقصان پہنچا ہے۔ وزیر اعظم مودی کو چاہئے کہ پہلے اس پر توجہ دیں۔ نوٹ بندی کے ذریعہ دہشت گردی کوختم کرنے کے متعلق مودی کے دعویٰ کو کھوکھلا قرار دیتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ نوٹ بندی کے بعد بھی کشمیر جل رہا ہے، دہشت گردانہ حملے ہر دن ہورہے ہیں۔ اس موقع پر جنتادل (ایس) کے جنرل سکریٹری ظفر اﷲ خان اور دیگر لیڈران موجود تھے۔


Share: